0

شاہ رخ کا سالگرہ پر سرپرائز، اب پاکستانی فینز بھی “جوان” دیکھ سکیں گے

بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’جوان‘ معروف امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر بھی ریلیز کردی گئی ہے۔شاہ رخ خان آج اپنی 58 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، ایسے میں کنگ خان کے مداحوں کو سالگرہ کا تحفہ دیتے ہوئے “ڈنکی” کے فلمسازوں نے جہاں فلم کا پہلا ٹیزر ریلیز کیا ہے تو وہیں اداکار کی سُپر ہٹ فلم ‘جوان’ بھی نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگئی ہے۔دُنیا بھر کے مداحوں کی طرح اب شاہ رخ خان کے پاکستانی مداح بھی اپنے گھروں میں بیٹھ کر نیٹ فلکس پر فلم ’جوان‘ دیکھ سکیں گے۔اس حوالے سے نیٹ فلکس انڈیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ کہا کہ “سالگرہ ‘جوان’ کی ہے لیکن تحفہ سب کے لیے ہے”۔پوسٹ میں بتایا گیا کہ “نیٹ فلکس پر فلم ‘جوان’ کے وہ مناظر بھی ریلیز کیے گئے ہیں جو سینما گھروں میں نہیں دکھائے گئے تھے”۔نیٹ فلکس پر فلم ‘جوان’ تین زبانوں تلیگو، ہندی اور تامل میں ریلیز کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ایٹلی کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی بلاک بسٹر فلم ‘جوان’ کو شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے پروڈیوس کیا ہے، اس فلم میں کنگ خان کے علاوہ نینتھارا، وجے سیتھوپتی اور دپیکا پڈوکون نے بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔رواں سال شاہ رخ خان کی دو سُپر ہٹ فلمیں ’ پٹھان‘ اور ’جوان‘ ریلیز ہوئیں، ان دونوں فلموں کی غیر معمولی کامیابی نے میگا اسٹار شاہ رخ خان کو تاریخ کا واحد اداکار بنا دیا جن کی 2 فلموں نے ایک برس کے دوران ایک ہزار کروڑ کا بزنس کیا ہے۔اب شاہ رخ خان رواں سال کی اپنی تیسری فلم ‘ڈنکی’ کی ریلیز کی تیاری میں مصروف ہیں، فلم ’ ڈنکی‘ 21 دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائی گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں