0

عرب لیگ کا عالمی برادری سے غزہ میں جنگ بندی کیلیے فوری کارروائی کا مطالبہ

غزہ پر ہونے والے عرب لیگ کے اجلاس کے اعلامیے میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عالمی برادری اس معاملے میں فوری طور پر اپنا کردار ادا کرے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عرب لیگ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا غزہ کے معاملے پر ہونے والا اجلاس فلسطینیوں کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کے اعادے پر ختم ہوگیا۔عرب کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا جس میں اسرائیلی بمباری میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا گیا اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی۔اعلامیہ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ جنگ بند نہ ہونے سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے اور المناک صورت حال پیدا ہوجائے گی۔ خطے پر اس جنگ کے منفی اثرات پڑیں گے۔عرب لیگ اجلاس کے اعلامیے میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عالمی برادری جنگ کے خاتمے اور صورت حال کو معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عرب لیگ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے اور امداد کی ترسیل کی بحالی کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں