0

چیئرمین پی ٹی آئی کو 5 مقدمات میں مختلف تاریخوں پر طلبی کے نوٹس جاری

انسدادِ دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 5 مقدمات میں مختلف تاریخوں پر طلبی کے نوٹس جاری کر دیے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج پانچ مقدمات پر سماعت ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء جان محمد، سردار مصروف اور نعیم پنجوتھا عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل صفائی جان محمد نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو روزانہ جیل سے عدالت لانا آسان نہیں۔جج ابوالحسنات نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ روز جیل سے لانا مناسب بھی نہیں اور کیسز میں شریک ملزمان کی بھی حاضری مارک ہونی ہے۔وکیل صفائی جان محمد نے استدعا کی کہ پانچوں مقدمات کی مختلف تاریخیں رکھنے کی بجائے ایک تاریخ رکھ لیں، چاہتے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری بغیر کسی مشکلات کے لگا دی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کو سیکیورٹی مسائل بھی ہیں۔جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک دن ہی آنا ہے اور کون سی مشکل بات ہے، شریکِ ملزمان کی تعداد زیادہ ہے اور حاضری الگ الگ لگانا مشکل ہو جائے گا، جب طلبی کا معاملہ ہوگا تو پھر تمام کیسز کو کلب کر دیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی تھانہ رمنا میں درج دو مقدمات میں 25 ستمبر، تھانہ سی ٹی ڈی اور سنگجانی میں 12 اکتوبر جبکہ تھانہ گولڑہ میں 5 اکتوبر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں