0

گوگل بھی پاکستانیوں کے جشن میں شریک، یومِ آزادی پر ڈوڈل بدل دیا

گوگل نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا ہے۔ 14 اگست 2023ء کی مناسبت سے گوگل نے منفرد لوگو ڈیزائن کرتے ہوئے اس کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا ہے۔ٹیکنالوجی کمپنی گوگل رواں برس بھی جشن آزادی منانے میں پاکستانیوں کے ساتھ ہے اور اس نے یوم آزادی کی مناسبت سے اپنا ڈوڈل تبدیل کرنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال منفرد ڈوڈل پیش کیا ہے، جس میں دریائے سندھ میں پائی جانے والی ڈولفن اور پاکستانی قومی پرچم کے سبز رنگ کو استعمال کیا گیا ہے۔گوگل نے ڈیزائن کی تفصیل سے متعلق بتایا ہے کہ 14 اگست پر خصوصی طور پر تبدیل کیے گئے آرٹ ورک میں دانتوں والی ڈولفن کی ایک قسم کو دکھایا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں پائی جانے والی اس ڈولفن کو مقامی طور پر بھولن بھی کہا جاتا ہے، جو کہ معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے۔واضح رہے کہ گوگل اس سے قبل بھی پاکستان کے قومی دنوں پر مختلف طرح کے خوبصورت اور منفرد ڈوڈل تبدیل کرتا رہا ہے۔آج جشن آزادیٔ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور ملک کے ساتھ دنیا بھر میں موجود پاکستانی جذبۂ حب الوطنی کا اظہار کرنے کے لیے مختلف انداز سے یوم آزادی کو بھرپور طریقے سے منا رہے ہیں۔ اس دن خاص طور پر نوجوان اور بچے سبز رنگ کا لباس پہنے، قومی پرچم تھامے اور سینے پر سبز ہلالی پرچم کے بیجز لگا کر مختلف پروگراموں اور ریلیوں میں بڑی تعداد میں شریک ہو رہے ہیں۔چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی گلیوں، سڑکوں اور عمارتوں پر ہر جگہ سبز ہلالی پرچم کی بہار دکھائی اور ملی نغمے سنائی دے رہے ہیں۔شہریوں نے اپنے گھروں عمارتوں پر جھنڈے لہرا رکھے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں